ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / احمد پٹیل کے اکاؤنٹنٹ کے گھر پر آئی ٹی کاریڈ، بڑے لیڈروں سے بھی پوچھ گچھ کا امکان

احمد پٹیل کے اکاؤنٹنٹ کے گھر پر آئی ٹی کاریڈ، بڑے لیڈروں سے بھی پوچھ گچھ کا امکان

Tue, 09 Apr 2019 21:00:05  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی:9 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) الیکشن میں کلیکشن معاملے کی جانچ کے دوران بڑا انکشاف ہوا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ یہ ایسا انکشاف ہے جس کی جانچ کی آنچ میں اب کانگریس کے کئی بڑے لیڈرپھنس سکتے ہیں۔محکمہ انکم ٹیکس کا دعویٰ ہے کہ دہلی کے تغلق روڈ سے حوالہ کے ذریعے آئی 20 کروڑ روپے کی رقم ایک بڑی سیاسی پارٹی کے ہیڈ کوارٹر پہنچی تھی۔ محکمہ انکم ٹیکس نے اس معاملے میں کانگریس کے قدآور لیڈراحمد پٹیل کے قریبی مانے جانے والے معین کے یہاں چھاپے ماری بھی کی اور اس کے بیان بھی درج کیے جا رہے ہیں۔راجدھانی دہلی میں محکمہ انکم ٹیکس نے اتوار کو دو جگہوں پر چھاپے مارے۔ ان میں پہلا گھر مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ کمل ناتھ کے ذاتی اسسٹنٹ راجیدر مگلانی کا گرین پارک واقع گھر تھا اور دوسرا گھر گیتا کالونی کاتھا۔ مشرقی دہلی میں گیتا کالونی میں واقع تاج انکلیو میں انکم ٹیکس محکمہ کی ٹیم نے کانگریس کے خزانچی احمد پٹیل کے چیف اکاؤنٹنٹ معین کے گھر پر چھاپہ مارا۔محکمہ انکم ٹیکس کے مطابق چھاپے کی کارروائی اب بھی جاری ہے۔ محکمہ انکم ٹیکس کے ایک اعلیٰ افسرنے بتایا کہ محکمہ کو اطلاع ملی تھی کہ حوالہ کے ذریعے مدھیہ پردیش سے 20 کروڑ روپے آئے تھے جسے لے کر یہ چھاپہ ماری کی گئی۔ محکمہ انکم ٹیکس کادعویٰ ہے کہ دہلی کے تغلق روڈ پر واقع ایک قدآور لیڈر کے یہاں حوالہ کے ذریعے 20 کروڑ روپے کی رقم آئی اور پھر یہ رقم ایک بڑی سیاسی پارٹی کے ہیڈ کوارٹر پہنچائی گئی۔ انکم ٹیکس ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اس گھر کی شناخت کر لی گئی ہے اور اسی سلسلے میں معین کے گھر پر چھاپہ مارا گیاہے۔ محکمہ انکم ٹیکس کے ایک اعلیٰ افسرنے بتایاہے کہ20 کروڑ روپے کی رقم کہاں گئی اسے لے کر معین کے یہاں چھاپہ ماری کے دوران اس سے پوچھ گچھ بھی کی جا رہی ہے۔ اسی تفتیش کے دوران کیس نے تب طول پکڑ لیا جب کانگریس کے قدآور لیڈر احمد پٹیل خود گیتا کالونی کے اس گھر میں پہنچ گئے۔ اگرچہ احمد پٹیل کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ معین جب پیر کو دفتر نہیں آیا اور اس کے بارے میں پتہ چلا کہ وہ بیمار ہے تو احمد پٹیل پیر کی دیر شام اسے دیکھنے آئے تھے۔ انہیں کسی نے روکا نہیں اور نہ ہی انہیں کسی معاملے کی جانکاری تھی۔ انہوں نے بیمار کے حال چال لیے اور10 منٹ بعد وہاں سے نکل گئے۔


Share: